امام علی علیه السلام اور عصرِ ظهور
۱۔ امیر المومنین علیہ السلام کا حقیقی مقام اور اس سے سب کا ناواقف ہونا
فہرستِ ابواب 51
متنِ باب
۱۔ امیر المومنین علیہ السلام کا حقیقی مقام اور اس سے سب کا ناواقف ہونا
امیر المؤمنین حضرت امام علی علیہ السلام کی شخصیت ہمیشہ سب پر مخفی رہی ہے اور اسی طرح پوشیدہ رہے گی۔کیونکہ کسی میں بھی حضرت امام علی علیہ السلام کو درک کرنے اور آپ کی مکمل معرفت حاصل کرنے کی صلاحیت اور ظرفیت نہیں تھی اور نہ ہی ہے ، صرف خدا، پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور دیگر معصومین علیہم السلام ہی امیر المؤمنین امام علی علیہ السلام کی معرفت رکھتے ہیں۔
ایک دن ابو ذر ، رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی خدمت میں شرفیاب ہونے کے بعد باہر نکلے تو ابوذر سے عمر کی ملاقات ہوئی تو اس نے پوچھا کہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی خدمت میں کون ہے؟ ابوذر نے کہا: ایک آدمی تھا جسے میں نہیں پہچانتا۔ جب عمر آنحضرت کی خدمت میں پہنچا تو اس نے دیکھا کہ امیر المؤمنین حضرت امام علی علیہ السلام وہاں موجود ہیں۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! کیا آپ نے یہ نہیں فرمایا تھا کہ نیلے آسمان نے روئے زمین پر کسی ایسے شخص پر سایہ نہیں کیا جو ابوذر سے زیادہ سچا ہو ۔ آپ نے فرمایا: ایسا ہی ہے۔ عمر نے عرض کیا : میں نے آج ابوذر سے جھوٹ سنا ہے ۔ آپ نے پوچھا : وہ کیا ہے ؟کہا : میں نے ان سے پوچھا: رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی خدمت میں کون ہے؟ اس نے کہا: ایک آدمی جس کو میں نہیں جانتا! حالانکہ وہ علی کو اچھی طرح جانتا ہے۔ رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا: ابوذر نے سچ کہا ہے۔ علی علیہ السلام کو میرے اور خدا کے سوا کوئی نہیں جانتا۔[1]
اسی وجہ سے نہ تو انسان اور نہ ہی غیر انسان، امیر المؤمنین حضرت امام علی علیہ السلام کی باطنی شخصیت کی معرفت کی صلاحیت رکھتے تھے اور نہ رکھتے ہیں ۔تاہم خدا لوگوں کو ان کی انسانی صلاحیت اور حد کے مطابق امیر المؤمنین حضرت امام علی علیہ السلام اور دیگر معصومین علیہم السلام کی معرفت اور پہچان عطا کرتا ہے۔
مرحوم آیت اللہ نمازی لکھتے ہیں: شیخ مفید رحمہ اللہ نے اپنی اسناد کے ساتھ سلمان فارسی سے نقل کیا ہے کہ مولائے متقیان حضرت امام علی علیہ السلام نے فرمایا:
اے سلمان! محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم افضل ہیں یا سلیمان؟
عرض کیا: محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم افضل ہیں۔
فرمایا:اے سلمان ! احضرت سلیمان علیہ السلام کا وصی آصف کس طرح آنکھ جھپکنے میں تختِ بلقیس فارس سے سلیمان کے پاس لا سکتا ہے حالانکہ اس کے پاس صرف علم کتاب کا کچھ حصہ تھا اور میں محمدﷺ کا وصی ہوں کہ جس کے پاس ہزار کتاب کا علم ہے ، اور میں اس کے کام کے مقابلے میں ایسا کام انجام نہ دے سکوں ؟ ہاں! میں یہ کر سکتا ہوں۔[2]
پس امیر المؤمنین حضرت امام علی علیہ السلام اور آپ کے گیارہ پاکیزہ فرزندوں (علیہم السلام) کی قدرت ، طاقت اور سلطنت و حاکمیت کے درجات اس سے بہت زیادہ ہیں بلکہ بے شمار ہے۔ چونکہ انہیں اپنے والد بزرگوار کے ذریعے ایک ہزار کتابوں کا علم تھا اور وہ اسم اعظم کے ۷۲ حروف کے عالم تھے۔ لہٰذا ان کی طاقت اور اختیار تمام انبیاء و مرسلین کی طاقت و اختیار سے زیادہ ہے۔ پس وہ اپنے رب کے حکم سے مُردوں کو زندہ کر سکتے ہیں، پیدائشی اندھے اور کوڑھ کے مریض کو شفا دے سکتے ہیں اور دنیا میں کہیں سے بھی جو چاہیں لا سکتے ہیں۔مثال کے طور پر امیر المؤمنین حضرت امام علی علیہ السلام کوفہ میں اپنا ہاتھ بڑھائیں اور شام کے پہاڑوں سے برف حاضر کر دیں، جیسا کہ آپ کے فیصلوں میں مذکور ہے۔ نیز وہ پلک جھپکنے میں جہاں چاہیں جا سکتے ہیں اور جسے اپنے ساتھ لے جانا چاہیں لے جا سکتے ہیں۔[3]
[1] ۔ كبريت احمر في شرايط المنبر: ۴۷۷.
[2] ۔ بحار الأنوار: ۲۷ /۲۸.
[3] ۔ اثبات ولایت : ۷۲.