امام علی علیه السلام اور عصرِ ظهور
آخر الزمان کے فتنوں کی طرف توجہ
فہرستِ ابواب 72
متنِ باب
آخر الزمان کے فتنوں کی طرف توجہ
بعض روایات میں غیبت کے زمانے میں انسانوں کےلئے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف سے مستفید ہونے اور ہدایت پانے کو بادلوں کے پیچھے چھپے ہوئے سورج سے تشبیہ دی گئی ہے ۔
امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کو بادلوں سے تشبیہ دینے کی ایک بہت اہم وجہ یہ ہے کہ انسان کو اس سبق آموز مثال کے ذریعہ آخرالزمان کے فتنوں کی طرف متوجہ ہونا چاہئے اور یہ سمجھنا چاہئے کہ امام عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی غیبت اور لوگوں کے اس عظیم ہستی کی خدمت میں شرفیاب ہونے سے محروم رہنے کی وجہ سے کس طرح وہ حقیقت کے نور سے دور ہو سکتے ہیں۔
اس بات کو واضح کرنے کے لئے اس اہم نکتہ پر توجہ کریں: ہمیں اس روایت سے یہ عظیم درس حاصل کرنا چاہئے کہ جس طرح دھوئیں اور بھاپ سے بنے ہوئےبادل سورج کی روشنی کو ہم تک پہنچنے سے روک سکتے ہیں ، جن کی وجہ سے ہمیں سورج دکھائی نہیں دیتا، اسی طرح غیبت کے زمانے میں کوئی گمراہ اور گمراہ کرنے والا شخص مختلف عنوانات کے تحت ہمارے اور خورشید امامت کے درمیان حائل ہو سکتا ہے۔ کوئی ایک برا دوست، کوئی گمراہ پڑوسی یا کوئی ایک بھٹکا ہوا رشتہ دار کسی مکارانہ چال کے ذریعہ انسان کو امام عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی راہ اور اس بزرگ ہستی کی طرف توجہ کرنے اور قربت حاصل کرنے سے روک سکتا ہے۔
جس طرح ابر آلود دنوں میں بادل کے ٹکڑے آپس میں مل کر سورج کو ہماری نظروں سے اوجھل کر دیتے ہیں، اسی طرح زمانۂ غیبت میں بھی چھوٹے اور بڑے دشمن آپس میں متحد ہو کر مختلف مکاریوں کے ذریعے لوگوں کو امام زمانہ ارواحنا فداه کی طرف توجہ کرنے اور اُن کی جانب رجوع کرنے سے روکتے ہیں ، یہاں تک کہ حضرت سے غفلت کی یہ حالت بعض دوستوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے اور وہ اس عظیم ہستی کو یاد کرنے سے غافل ہو جاتے ہیں، اور یوں وہ دین کے اس حیاتی اصول کو فراموش کر بیٹھتے ہیں۔