امام علی علیه السلام اور عصرِ ظهور

عالمی امن ؛ خدا کی ایک اہم نعمت

9
فہرستِ ابواب 72

متنِ باب

عالمی امن ؛ خدا کی ایک اہم نعمت

امن و امان خدا کی بڑی نعمتوں میں سے ایک اہم نعمت ہے،لیکن افسوس کا مقام ہے کہ نہ تو لوگ اس کے معنی کی طرف متوجہ ہیں ، نہ ہی  اسےسمجھا گیا ہے اور نہ ہی اس کی اہمیت واضح ہوئی ہے۔ امیرالمؤمنین حضرت امام علی علیہ السلام نے امن و امان کی عظمت کے بارے میں فرمایا ہے:

لا نعمة أهنأ من الأمن. [1]

امن سے بڑھ کر کوئی نعمت خوشگوار نہیں ہے ۔

آپ نے دوسری روایت میں اُس زمین کو سب سے بدترین زمین قرار دیا ہے ، جس میں امن نہ ہو  اور اس بارے میں فرمایا ہے:

شرّ البلاَدِ بَلدٌ لا أمن فيه ولا خِصْبَ. [2]

بدترین زمین وہ زمین ہے جس میں نہ تو امن ہو اور نہ ہی وہ  زرخیز ہو۔

اس وجہ سے ظہور کا تابناک دور خوبیوں کا دور ہو گا اور اس میں خدا کی تمام نعمتیں میسر ہوں گی۔ امیرالمؤمنین حضرت امام علی علیہ السلام  کے فرمان کے مطابق امن و امان بہترین نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے ، اس وقت پوری دنیا میں امن و امان کا بول بالا ہو گا ۔

 اگر ہم امن کے معنی اور اس کے پہلوؤں پر غور کریں تو سمجھ آتا ہے کہ امیرالمؤمنین  امام علی علیہ السلام نے امن و امان کو سب سے پسندیدہ نعمت کیوں قرار دیا ہے۔ لیکن افسوس کی بات ہے کہ عام لوگوں کے ذہنوں میں امن کی اہمیت اس طرح واضح نہیں کی گئی جیسے واضح ہونی چاہئے تھی، اس لئے وہ یہ سمجھتے ہیں کہ صرف جنگ اور خونریزی کے نہ ہونے اور ظاہری زندگی میں لوگوں کے لئے آسانیوں کو’’ امن‘‘کہتے ہیں؛حالانکہ یہ امن کا صرف ایک پہلو اور ایک چھوٹا سا حصہ ہے،یہ  اس کا مکمل مفہوم نہیں ہے۔

اگر کسی معاشرے میں جنگ اور خونریزی نہ ہو تو لوگ جان کی حفاظت کے لحاظ سے امن و امان اور سکون میں ہوتے ہیں، لیکن ممکن ہے کہ وہی لوگ اقتصادی طور پر غربت کی آگ میں جل رہے ہوں۔

ایسی صورت میں کیا ہم انہیں واقعی سکون اور اطمینان کا حامل کہہ سکتے ہیں؟ بلاشبہ نہیں۔ کیونکہ جیسا کہ لغت کی کتابوں میں درج ہے کہ امنیت کا مطلب ہے آرام، سکون، اور اطمینان قلب ۔اب اگر  کوئی معاشرہ کسی ایک لحاظ سے آرام و سکون میں ہو لیکن دیگر کئی پہلوؤں سے خوف اور اضطراب میں مبتلا ہو، تو کیا اسے امن ، سکون اور اطمینان کا حامل سماج کہا جا سکتا ہے؟

اسی وجہ سے امیرالمؤمنین حضرت امام علی علیہ السلام نے ایک روایت میں، جو دورِ ظہور کے روشن عہد کی تصویر کشی کرتی ہے، امن کے مختلف پہلوؤں کی نشاندہی کی ہے اور عصرِ ظہور میں امن و امان کی جامع اور مکمل صورت بیان فرمائی ہے۔

 ہم  یہاں آپ کے فرمان کو نقل کرتے ہیں اور پھر اس کی وضاحت کرتے ہیں۔ امیرالمؤمنین علیہ السلام فرماتے ہیں:

فيبعث المهدي علیه السلام  إلى اُمرائه بسائر الأمصار بالعدل بين الناس، و ترعى الشاة و الذئب في مكان واحد، وتلعب الصبيان بالحيّات والعقارب لايضرّهم شي‏ء، ويذهب الشرّ ويبقى الخير، ويزرع الإنسان مدّاً يخرج له سبعمائة مدّ كما قال‏الله تعالى: كَمَثَلِ حَبَّةٍ أَنْبَتَتْ سَبْعَ سَنابِلَ فى كُلِّ سُنْبُلَةٍ مِائَةُ حَبَّةٍ وَ اللَّهُ يُضاعِفُ‏لِمَنْ يَشاءُ. [3] و يذهب الربا و الزنا و شرب الخمر و الرياء، وتقبل الناس على العبادة والمشروع‏والديانة والصلاة في الجماعات، و تطول الأعمار، و تؤدّى الأمانة و تحمل ‏الأشجار و تتضاعف البركات، و تهلك الأشرار، ويبقى الأخيار، ولايبقى من‏ يبغض أهل البيت علیهم السلام. [4]

پھر امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف اپنے  امراء (کمانڈروں) کو مختلف شہروں میں بھیجیں گے تاکہ وہ لوگوں کے درمیان عدل و انصاف قائم کریں۔ اُس وقت بھیڑ اور بھیڑیا ایک ساتھ ایک جگہ پر چریں گے، بچے سانپوں اور بچھوؤں کے ساتھ کھیلیں گے اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔شر اور برائی مٹ جائے گی اور خیر و نیکی باقی رہے گی۔ انسان ایک مد [5]  بیج بوئے گا اور سات سو گنا حاصل کرے گا۔ جیسا کہ خدا نے فرمایا ہے:’’ اس دانے کی مانند جس سے سات بالیاں پیدا ہوں اور ہر بالی میں سو سو  دانے ہوں ، اور خدا جس کے لئے چاہتا ہے اس میں مزید اضافہ کر دیتا ہے‘‘۔ ربا، زنا، شراب نوشی، اور ریا  کا خاتمہ ہو جائے گا، اور لوگ خدا کی عبادت، جائز کاموں، دینداری اور نمازِ جماعت کی طرف رجوع کریں گے۔ لوگوں کی عمر لمبی ہو جائے گی، امانت داری فروغ پائے گی، درخت پھل دار ہوں گے اور برکت بڑھے گی۔ برے لوگ ہلاک ہو جائیں گے اور نیک لوگ باقی رہیں گے، اور اہلبیت علیہم السلام سے بغض رکھنے والا باقی نہیں رہے گا۔

[1] ۔ شرح غرر الحكم:۶/۱۰۹۱۱.

[2] ۔ شرح غرر الحكم:۴/۵۶۸۴.

[3] ۔ سوره ٔبقره، آيت:۲۶۱.

[4] ۔ موسوعة أحاديث أميرالمؤمنين علیه السلام:۳۲۸، عقد الدرر:۲۱۱ اور ۲۵۷.

[5] ۔ دس سیر.