امام علی علیه السلام اور عصرِ ظهور
ظہور کے زمانے میں علم و دانش کی وسعت
فہرستِ ابواب 88
متنِ باب
ظہور کے زمانے میں علم و دانش کی وسعت
ظہور کے پرشکوہ دور میں ظاہر ہونے والے اہم علوم و اسرار بے حد علم و دانش کی افزائش سے مربوط ہیں جو پوری دنیا میں پھیلے گا اور جب تک وہ عظیم دور نہ آئے، دنیا کے لوگ وسیع علوم و دانش سے محروم رہیں گے۔ جب تک غیبت کا دور جاری رہے گا تب تک خدا نے شیطان کو جو مہلت دی ہے وہ ختم نہیں ہو گی اور وہ علوم و دانش لوگوں کے لئے آشکار نہیں ہوں گے اور وہ لوگ ان علوم سےمحروم رہیں گے۔
اب یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ دنیا کے زیادہ تر علوم حضرت بقية الله الأعظم ارواحنا فداه کی مہدوی حکومت میں کیوں ظاہر ہوں گے اور اسی زمانے میں لوگ ان علوم سے آگاہ ہوں گے ، جبکہ عصر غیبت میں ان علوم تک رسائی کیوں ممکن نہیں ہے؟
اس سوال کے جواب میں ہم کہتے ہیں کہ عصر غیبت میں ان علوم کے پوشیدہ رہنے کا ایک راز یہ ہے کہ وہ علوم جو ابھی ہمارے لئے پوشیدہ ہیں اور ہمارے لئے اسرار ہیں، ان کو سیکھنا اور ان کا ظاہر ہونا لوگوں کے لئے ایسا ہے جیسے ایک مست شخص کے ہاتھ میں تلوار دے دی جائے۔
ان علوم سے آگاہ ہونے کے لئے دل کا پاکیزہ ہونا اور خدا و اہلبیت عصمت و طہارت علیہم السلام کے احکامات کی مکمل پیروی کرنا شرط ہے تاکہ جب وہ ان اہم علوم سے آگاہ ہوں تو ان کا ناجائز استعمال نہ کریں اور وہ انہیں اس راہ میں استعمال نہ کریں جو خدا کو پسند نہیں ہے۔ چونکہ غیبت کے زمانے میں لوگوں میں یہ شرائط موجود نہیں ہیں، اس لئےیہ بہت ہی اہم علوم اس وقت تک ان سے مخفی ہیں، جب تک حضرت صاحب الزمان عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی مہدوی حکومت قائم نہ ہو جائے اور پھر یہ اسرارآمیز علوم ظاہر ہوں گے اور لوگ ان سے مستفید ہو سکیں گے ۔
ایک روایت میں بیان ہوا ہے کہ حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف دنیا کے لوگوں میں تمام علوم پھیلائیں گے۔ یہ بات بالکل واضح ہے کہ جب تمام علوم سب کے لئے ظاہر ہوں گے تو کوئی کسی دوسرے کے علم و دانش کا محتاج نہیں رہے گا۔ اس وقت لوگوں کو استاد کی بات سننے، کتاب دیکھنے یا پڑھنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ظہور کے دور میں علم و دانش کا حصول ظہور سے پہلے کے زمانے سے مختلف ہو گا ،کیونکہ اس وقت آنکھ سے پڑھنے اور کان سے سننے کے ذریعے علم حاصل کیا جاتا تھا۔ کبھی کبھار حقیقت اس سے بھی بالاتر ہوتی ہے جو ہم نے بیان کیا ہے۔ روایات میں وارد ہوا ہے کہ کبھی دل میں علم ڈالنے سے علم و دانش حاصل ہوتا ہے، نہ کہ آنکھ اور کان کے ذریعے پڑھنے اور لکھنے سے حاصل ہوتا ہے۔