حضرت امام صادق علیہ السلام نے فرمایا : اگر میں ان(امام زمانہ علیہ السلام) کے زمانے کو درک کر لیتا تو اپنی حیات کے تمام ایّام ان کی خدمت میں بسر کرتا۔
۴ ۔ زیارات میں پڑھے جانے والے امور پر عمل کرنا

۴ ۔ زیارات میں پڑھے جانے والے امور پر عمل کرنا 

انسان کی زندگی میں چوتھا مؤثر امر جو حیات انسانی کو حیات طیبہ میں بدل کر  اسے جاہلیت سے دور کر دیتا ہے  اور اسے درگاہ ربوبیت اور ولایت اہل بیت علیہم السلام سے نزدیک کرتا ہے ؛ زیارات کے مضمون و محتویٰ پر عمل کرنا ہے ۔ بیشک ان زیارات میں ایسے اہم امور پوشیدہ ہیں کہ  جن پر عمل کرنا انسان کو اعلیٰ ترین انسانی مراتب پر فائز کر دیتا ہے ۔

ان اہم امور میں سے یہ ہے کہ دعاؤں اور زیارات میں علوم و معارف کے گرانقدر مطالب پائے جاتے ہیں  اور زائر پر لازم ہے کہ وہ حتی الامکان ان مطالب پر عمل کرے تا کہ وہ شدید محبت  کے ایسے مرتبہ تک پہنچ سکے کہ اس کے لئے خدا اور اہل بیت علیہم السلام کے تقرب کا سبب بنیں ، اور یہ وہی مودت ہے کہ جو اجر رسالت ہے کہ جس کے بارے میں خداوند تبارک و تعالیٰ نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا ہے :

’’قل لا اسئلکم علیه أجراً الّا المودّة في القربی‘‘[1]

’’ آپ کہہ دیجئے کہ میں تم سے اس تبلیغ رسالت کا کوئی اجر نہیں چاہتا علاوہ اس کے کہ میری اقربا سے محبت کرو‘‘

امیر المؤمنین علی علیہ السلام نے مودت کے بارے میں فرمایا ہے :

المودّة قرابة مستفادة۔ [2]

مودت اکتسابی قرابتداری ہے ۔

پس معلوم ہوا ہے کہ ہر محبت کو مودت نہیں کہا جا سکتا ، بلکہ مودت ایسی شدید محبت ہے کہ  جو  محبوب سے انسان کے تقرب کا باعث بنے ۔ پس جب اہل بیت علیہم السلام سے اس درجہ کی محبت ہو  تو اس کا لازمہ ان کے دشمنوں سے دوری ہے ۔

جس مودت کا حکم دیا گیا ہے ، اس کا لازمہ یہ ہے کہ ہم رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے قربتداروں کے نصرت کے لئے آمادہ رہیں  ، یہاں تک کہ خدا اس کے دین کا حکم کرے ۔ یہ ایک ایسا امر ہے کہ  جسے متعدد زیارات میں پڑھا جاتا ہے ، من جملہ اہل بیت علیہم السلام سے وارد ہونے والی مولا ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام کی  زیارت میں پڑھتے ہیں :

ونصرتي لكم معدّة حتّى يحكم اللَّه بدينه.

آپ کے لئے میری نصرت آمادہ ہے  تا کہ خدا اس کے دین کے لئے حکم کرے ۔

سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی بعض روایات میں وارد ہوا ہے :

فنصرتي معدّة حتّى يحكم اللَّه بأمره وهو خير الحاكمين.

آپ  کےلئے میری نصرت و مدد آمادہ ہے  ، یہاں تک کہ خدا اس کے امر کا حکم کرے اور وہ بہترین حاکم ہے ۔

اور ان میں سے بعض زیارات میں یوں وارد ہوا ہے :

فنصرتي لكم معدّة حتّى يحكم اللَّه وهو خير الحاكمين لديني.

آپ کے لئے میری نصرت آمادہ ہے ، یہاں تک کہ خدا حکم کرے اور  وہ میرے دین کے لئے بہترین حکم کرنے والا ہے ۔

ہمارے مولا حضرت ابا الفضل العباس علیہ السلام کی زیارت میں وارد ہوا ہے:

ونصرتي لكم معدّة حتّى يحكم اللَّه وهو خير الحاكمين.

آپ کے لئے میری نصرت آمادہ ہے  تا کہ خدا حکم کرے اور وہ بہترین حکم کرنے والا ہے ۔

پس اس بناء پر زائر پر لازم ہے کہ وہ اس امر کی طرف توجہ کرے اور ہمیشہ حضرت صاحب العصر و الزمان عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی نصرت کے لئے آمادہ رہے  تا کہ خدا اس کے دین کا حکم کرے  اور جب ایسا ہو تو اس نے اجر رسالت کو ادا کیا کہ جو ذوی القربیٰ سے مودت ہے ۔ یہ زیارت کے متن پر غور و فکر کرنے اور اس کے محتویٰ پر عمل کرنے کے آثار میں سے ہے ۔

جو امور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی نصرت اور مدد شمار ہوتے ہیں ، ان میں سے ایک مبارک ایّام ،مقدس مقامات اور بالخصوص امام حسین علیہ السلام کے حرم میں گنبد کے نیچے یوسف زہراء امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل کے لئے دعا کرنا ہے  کیونکہ خداوند تبارک و تعالیٰ نے دعا کی استجابت  اس مقام پر رکھی ہے ۔  ہر زائر کو یہ جان لینا چاہئے کہ سب سے بہترین اور سب سے ضروری دعا امام عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل کی دعا ہے  ۔ لہذا زائرین کو چاہئے کہ وہ امام حسین علیہ السلام کے حرم مبارک میں گنبد مطہر کے نیچے  اور دوسرے تمام مقدس مقامات پر اپنی تمام دعاؤں اور حاجتوں پر مقدم رکھیں تا کہ خداوند تبارک و تعالیٰ اپنے ولی امام منتظر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف  کے لئے کی گئی اس دعا کی وجہ سے ان پر نظر رحمت کرے ۔



[1] ۔ سورۂ شوریٰ ، آیت : ۲۳ .

[2] ۔  بحار الأنوار : ۷۴ / ۱۶۵.

 

    ملاحظہ کریں : 1784
    آج کے وزٹر : 27655
    کل کے وزٹر : 49009
    تمام وزٹر کی تعداد : 129060451
    تمام وزٹر کی تعداد : 89620233