امام زمانہ ارواحنا فداہ کی قدرتِ ولایت سے خصوصی استفادہ
اہل بیت عصمت و طہارت علیہم السلام کی ولایت کائنات کی تمام مخلوقات پر محیط ہے اور اس سے تمام مخلوقات استفادہ کرتی ہے لیکن لوگوں کی ایک بڑی تعداد امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی ولایت و سرپرستی سے بطور خصوص مستفید ہوتی ہے،اگرچہ عام لوگ اس سے مستفید نہیں ہوتے۔
حضرت بقيّة اللہ الأعظم ارواحنا فداه سے توسل کے نتیجہ میں ان افراد پر حضرت کی خاص نظر کرم ہوتی ہے اور یہ اپنی مشکلات کو حل کرنے اور خواہشات کے حصول کے لئے حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی عنایات کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔
امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی توجہ حاصل کرنے کے لئے دعا، توسل، زیارت اور محکم ارادہ بہت ہی زیادہ مؤثر ہیں لیکن اکثر افراد یا تو ان امور سے غافل ہوتے ہیں ،اور یا پھر وہ عزم اور محکم ارادہ کے حامل نہیں ہوتے ، جس کی وجہ سے وہ اس چیز تک نہیں پہنچ پاتے ، جو وہ چاہتے ہیں۔
بہت سے لوگ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آخر اس کی کیا وجہ ہے کہ کچھ لوگ اپنی دعاؤں اور توسلات کے نتیجہ میں اپنی حاجت حاصل کر لیتے ہیں لیکن کچھ کی حاجت پوری نہیں ہوتی اور وہ جو چاہتے ہیں، وہ حاصل نہیں کر پاتے؟
اس سوال کے جواب کے لئے ہم آپ کے لئے ایک بہت ہی حیرت انگیز واقعہ بیان کرتے ہیں،جس کے آخر میں حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کا ایک نہایت ہی اہم قول نقل کیا گیاہے ، جس میں اس سوال کا جواب ہے۔
حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے حکم پر توجہ دینا اور اس پر عمل کرنا مشکلات کو حل کرنے اور ناممکن دکھائی دینے والے اہداف تک پہنچنے کا ایک بہت اہم طریقہ ہے۔








