کیا ہم سب امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت کر سکتے ہیں؟
یہ ایک ایسا سوال ہے جو تقرب کی جستجو کرنے والے بہت سے لوگوں کے ذہنوں میں پیدا ہوتا ہے ۔ نیز یہ بھی ہو سکتا ہے کہ بعض اوقات اپنے یا اپنے ساتھیوں کے انجام کے بارے میں سوچنے والے شخص کو اس سوال کا سامنا کرنا پڑے اور اس کے نتیجے میں وہ حیران ہو جائے۔
اس صورت میں بہت سے معاملات میں شیطان اس صورت حال سے فائدہ اٹھاتا ہے اور اس کے ذہن میں مأیوسی اور نا امیدی پیدا کر دیتا ہے(جوخود گناہان کبیرہ میں سے ایک ہے) اور اسے اس بات کی تاکید کرتا ہے کہ آپ یا آپ جیسا کوئی بھی شخص امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت نہیں کر سکتا،یہ ایسی چیز نہیں ہے جسے آپ حاصل کر سکیں، خدا اور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف تمہیں یا تم جیسے کسی بھی شخص کو یہ مقام ہرگز عطا نہیں کریں گے۔ کیونکہ جو خدا کا ولی ہو یا خدا کا ولی بن جائے ، اس کی ذات تمہاری ذات سے مختلف ہوتی ہے اور اس کی صفات، افعال اورکردار تمہارے اعمال، افعال اور کردار سے مختلف ہوتا ہے۔
یاد رکھیں! یہ سب شیطانی وسوسے ہیں جو شیطان انسان کے ذہن میں ڈالتا ہے۔
اس لئے کسی کو بھی خدا کے لطف و کرم اور عنایات سے مأیوس نہیں ہونا چاہئے۔ حضرت امام صادقعلیہ السلام اپنی وصیت میں فضیل سے فرماتے ہیں:
...و إذا كان قبل طلوع الشمس و قبل الغروب، فعليك بالدّعاء و اجتهد ولاتمتنع من شيء تطلبه من ربّك،و لاتقول هذا ما لا أعطاه وادع فإنّ اللَّه يفعل ما يشاء.[1]
طلوع آفتاب اور غروب آفتاب سے پہلے تم پر لازم ہے کہ دعا اور کوشش کرو، اور اس چیز سے امتناع نہ کرو جو تم اپنے ربّ سے مانگ رہے ہو، اور یہ مت کہو کہ خدا مجھے یہ نہیں دے گا، اور دعا کرو کیونکہ خدا جو چاہتا ہے، انجام دیتا ہے ۔
اہل بیت علیہم السلام کے فرامین میں وارد ہوا ہے :
إنّ الدعاء يردّ القضاء ولو اُبرم إبراماً.[2]
دعا قضائے الٰہی کو ٹال دیتی ہے ، چاہے اس کا انجام پانا حتمی ہو ۔
خدا وند کریم نے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریفکی خدمت کی سعادت اہل افراد کو عطا کی ہے اور خدا اس بات پر قادر ہے کہ وہ ہمیں بھی وہی صلاحیت دے اور ہماری ذات اور صفات کو ان جیسا بنا دے، جس طرح امام صادق علیہ السلام نے فرمایا:«وادع اللَّه فإنّ اللَّه يفعل مايشاء»؛دعا کرو، چونکہ خداوند جو چاہے انجام دیتا ہے ۔
لہٰذا ہم یہ نتیجہ اخذ کرتے ہیں کہ شیطان پلید کے وسوسوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی مأیوسی اور ناامیدی کو ایک طرف رکھ کر شیطان کو خود سے دوربھگانا چاہئے اور پوری امید، توجہ، حضور قلب،تواضع اور خشوع و خضوع کے ساتھ ہمیں خدا سے دعا کرنی چاہئے کہ- انشاء اللَّه - خدا ہمیں دین اور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے خدمت گزاروں اور اہل بیت عصمت و طہارت علیہم السلام کے مخلص نوکروں میں سے قرار دے ۔
اب ہم ایک بہت اہم واقعہ بیان کرتے ہیں جو اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ تمام لوگ امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت کر سکتے ہیں۔یہ واقعہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے حکم پر پیش آیا جو بخوبی ثابت کرتا ہے کہ تمام افراد حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت کی راہ میں قدم بڑھا سکتے ہیں۔








