پوری دنیا سے جنگوں کا خاتمہ
امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے چاہنے والوں اور شیعوں کو ہی نہیں بلکہ ان تمام لوگوں کو اس بات کی طرف توجہ دینی چاہئے جو ایک عالمی مصلح کے ظہور کے منتظر ہیں کہ دنیا کی اصلاح کے لئے قیام کرنے والی شخصیت کے ظہور کے نتیجہ میں دنیا بھر سےتمام جنگوں ، خونریزی اور قتل و غارت کا خاتمہ ہو جائے گا ۔ اس قیام پوری دنیا میں جنگوں اور قتل و غارت کا تسلسل ہی ختم نہیں ہو گا بلکہ یہ قیام انسانیت کی نجات، دنیا کی اصلاح اور امن و سکون کی حکمرانی کے لئے ہے۔
ظہور کے آغاز میں کچھ عرصے کے لئے جو جنگیں ہوں گی ، وہ ان ظالم و جابر حکمرانوں کی حکومت کا خاتمہ کرنے کے لئے ہوں گی ، جو دنیا میں کسی بھی بہانے سے جنگ اور خونریزی شروع کر دیتے ہیں تا کہ وہ کمزور اور ناتواں افراد پر اپنی حکومت کا سلسلہ جاری رکھ سکیں اور اپنے بنائے ہوئے نقصان دہ اور تباہ کن ہتھیار کمزور ممالک کو فروخت کر سکیں۔
ہم نے کمزور ممالک کو اسلحے کی فروخت کے بارے میں جو کچھ کہا ہے وہ اپنی تمام تر اہمیت کے باوجود بعض دیگر مسائل کے مقابلے میں بہت ہی چھوٹا اور معمولی مسئلہ ہے!
جو چیز اہم ہے اور ہمیں اس پر توجہ دینی چاہئے وہ یہ ہے کہ چھوٹے ملکوں کے بڑے ملکوں پر انحصار کی وجہ سے کمزور ممالک میں ایک قسم کا جمود یا پسماندگی پیدا ہو جاتی ہے جو نہ صرف انہیں روحانی و معنوی اور انسانی معاملات میں آگے بڑھنے سے روکتی ہے بلکہ انہیں ظاہری طاقت اور انسانی تہذیب کے حصول سے بھی روکتی ہے۔ جس سے ان کی سوچ اور فکر انہیں جنگ اور خونریزی کے میدانوں میں لے جاتی ہیں۔
یہ واضح سی بات ہے کہ اس کے نتیجہ بڑے افکار و خیالات سے پرہیز کرنا ، دنیا اور دنیا والوں کو نجات دلانے والوں اصولوں سے غافل ہو جانا اور چھوٹے مقاصد اور خیالات میں پھنس جانا ہے ۔








