امام زمانہ ارواحنا فداہ کی حکومت کے خلاف خوف و ہراس پیدا کرنا!
امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی حکومت کے خلاف دشمنوں کی دشمنی پر دلالت کرنے والے اسباب میں سے کچھ ایسی روایات ہیں ،جو دشمنوں نےامام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی حکومت کے خلاف لوگوں میں نفرت اور خوف و ہراس پیدا کرنے کے لئے گھڑی ہیں، جن میں آپ کی رحمت الٰہی پر مبنی حکومت کو دنیا والوں کے لئےظالمانہ و جابرانہ اور قتل عام کرنے والی شدت پسندانہ حکومت کے طور پر پیش کیا گیا ہے ۔
یہ روایات دوسری روایتوں کے برخلاف ہیں جو اس بات پر دلالت کرتی ہیں کہ آپ کی حکومت میں ہر قسم کے جنگ و جدال اور خونریزی کا خاتمہ ہوگا اور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے وسیلہ سےخدا کی رحمت صرف شیعوں پر ہی نہیں بلکہ آپ کے خلاف قیام کرنے والوں کے سوا تمام دنیا والوں پر نازل ہو گی ۔
امام عصر ارواحنا فداہ کی حکومت کو شدت پسندانہ اور وحشیانہ حکومت ظاہر کرنے اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے والے راویوں میں سے ایک علی بن محمد کوفی ہے جس نے اس اس سلسلہ میں سراسر جھوٹی اور جعلی روایتیں گھڑنا شروع کیں، لیکن ان میں سے کوئی بھی حدیث «حدیثِ لوح»کامقابلہ نہیں کر سکتی کہ جس میں یوسف زہرا امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کو «رحمۃ للعالمین» کہا گیا ہے ۔
اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ خداوند متعال نے قرآن مجید میں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے بارے میں ارشاد فرمایا ہے :
وَ ما أَرْسَلْناكَ إِلَّا رَحْمَةً لِلْعالَمِينَ.[1]
ہم نے آپ کو تمام عالمین کے لئے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔
امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف ہی وہ ذات ہیں جو رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے احکامات و دستورات کو احیاء کریں گے اور حضرت ان سے انتقام لیں گے جو رحمت الٰہی کی راہ میں رکاوٹ بنے یا رکاوٹ بنیں گے ۔
انہوں نے خوف و ہراس پیدا کرکے کئی صدیوں سے اہل بیت اطہار علیہم السلام کے محبّوں کو امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور سے غافل رکھا ہوا ہے ،گویا انہیں آپ کے ظہور اور آپ کی الٰہی و آفاقی حکومت کے قیام کی کوئی فکر ہی نہیں ہے ۔








