حضرت امام صادق علیہ السلام نے فرمایا : اگر میں ان(امام زمانہ علیہ السلام) کے زمانے کو درک کر لیتا تو اپنی حیات کے تمام ایّام ان کی خدمت میں بسر کرتا۔
دعا کرنے میں مداومت کی اہمیت

دعا کرنے میں مداومت کی اہمیت

 مقصد تک پہنچنے اور حاجت کے حصول کے لئے دعائوں میں تکرارودوام کابہت اہم کردار ہے۔ یہ بہت اہم نکتہ ہے کہ جو افراد بھی دعاؤں کی کتابوں سے سروکار رکھتے ہیں انہیں ان پر توجہ کرنی چاہئے کیونکہ اکثر افراد اس کی قدرت و توانائی نہیں رکھتے کہ ایک دعا یا ایک زیارت پڑھنے کے ذریعہ یا ایک ذکرکرنے  یا ایک خاتمہ پڑھنے سے  اپنی حاجت پوری کرلیں اور اپنی مراد ومقصود تک پہنچ جائیں ۔

اس مطلب کی وضاحت کے لئے ایک مثال پیش کرتے ہیں:بہت سے جسمانی امراض میں اگربیماری ابتدائی مرحلہ میں ہویا ابھی ابھی شروع ہوئی ہو اور پیچیدہ نہ ہو تو صرف ایک نسخہ سے اس کا علاج کیا جاسکتا ہے ،لیکن اگر مرض طولانی ہو جائے یا انسان کے بدن میں اس کی جڑیں مضبوط ہو جائیں تو ظاہر سی بات ہے ایسی بیماری کا علاج ایک نسخے یا ایک دوا کے ذریعہ نہیں ہو سکتابلکہ اس کے علاج کے لئے طویل مدت تک دوا استعمال کرنے کی ضرورت ہو گی۔

روحانی بیماریوں میں بھی یہی صورت حال ہے اگر کوئی شخص کسی اہم روحانی بیماری میں مبتلا ہو جائے یا وہ اہم نہ بھی ہو لیکن وقت گزرنے کی وجہ سے روح میں اس کی جڑیں مضبوط ہو گئی ہوں اور وہ اس کا عادی بن گیا ہوتو ایسی صورت میں ظاہر ہے کہ ایک بار دعا پڑھنے سے ایسے افراد کی مشکلات بر طرف نہیں ہوں گی بلکہ دعا پڑھنے میں تکرار و دوام کی ضرورت ہے جیسا کہ بعض جسمانی بیماریوں میں انسان کو دوا کے باربار استعمال اور دواجاری رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔

اس بناء پرجس طرح جسمانی بیماریوں کے علاج کے لئے دوا جاری رکھتے ہیں تاکہ دوا پوری طرح اپنا اثر دکھائے اسی طرح جن موارد میں دعا کی ضرورت ہے،ان میں دعا پڑھنا جاری رکھیں تا کہ اس کا اثر ظاہر ہوجائے ۔

البتہ ممکن ہے بعض افراد ایک دعا یاکسی ذکر یا اسمائے الٰہی میں سے کوئی ایک اسم   پڑھنے کے ذریعہ نتیجہ و مقصد تک پہنچ جائیں۔ لیکن اس طرح کے افراد نایاب یا کمیاب ہوتے ہیں لہذا عام لوگوں کو اس طرح کی توقع نہیں رکھنی چاہئے کہ ان کی طرح  یہ بھی صرف ایک مرتبہ دعا کرنے سے ہی اپنا مقصد حاصل کر لیں۔

یہ ایک وجہ ہے کہ روایات میں دعا کی تکرار ودوام اور پابندی کے متعلق بہت زیادہ تاکید ہوئی ہے ۔

    ملاحظہ کریں : 216
    آج کے وزٹر : 102295
    کل کے وزٹر : 151540
    تمام وزٹر کی تعداد : 138020713
    تمام وزٹر کی تعداد : 94865835