Imam sadIiq: IF I Percieve his time I will serve him in all of my life days
امام حسین علیہ السلام کی زیارت کے لئے اہل آسمان کا اشتیاق

امام حسین علیہ السلام کی زیارت

کے لئے اہل آسمان کا اشتیاق

سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی زیارت کا اشتیاق صرف اہل زمین کے ساتھ ہی مخصوص نہیں ہے  بلکہ آسمانوں میں کوئی ایسی مخلوق نہیں ہے کہ جو آپ کی زیارت کی مشتاق نہ ہو ۔ آسمانوں کی ہر مخلوق  خدا سے یہ چاہتی ہے کہ خدا اسے زیارت کی اجازت دے ۔ ہمارے آقا و مولا حضرت امام حسین علیہ السلام کے حرم میں ہر لمحہ اہل آسمان بڑی تعداد میں موجود ہوتے ہیں  ، ان کا ایک گروہ زیارت کے لئے آ رہا ہوتا ہے اور دوسرا گروہ زیارت کرنے کے بعد آسمان کی طرف جا رہا ہوتا ہے ۔ پس ہم پر لازم ہے کہ ہم امام حسین علیہ السلام کی زیارت کے وقت اس مقدس مقام کی عظمت کو مدنظر رکھیں  اور یہ جان لیں کہ یہاں اہل آسمان میں سے بھی زائرین کی کثیر تعداد حاضر ہے  کہ جن میں سے ہر ایک اہم شان و منزلت کا حامل ہے ۔  اگرچہ ہم انہیں اپنی ظاہری آنکھوں سے نہیں دیکھ رہے ہوتے ۔اس بات پر ایک روایت  دلالت کرتی ہے کہ جسے شیخ صدوق ؒ  نے اسحاق بن عمار سے روایت نقل کی ہے ۔ اسحاق بن عمار کہتے ہیں  : میں نے حضرت امام صادق علیہ السلام سے سنا کہ آپ نے فرمایا :

ليس شي‏ء في السماوات إلاّ وهم يسألون اللَّه أن يأذن لهم في زيارة الحسين‏عليه السلام، فوج ‏ينزل، وفوج يَعْرُج ۔ [1]

آسمانوں میں کوئی ایسی مخلوق نہیں ہے کہ جو خدا سے امام حسین علیہ السلام کی زیارت کی اجازت نہ چاہتی ہو ۔ ہمیشہ ان کا ایک گروہ (زیارت کے لئے ) نازل ہو رہا ہوتا ہے اور دوسرا گروہ (آسمان کی طرف) اوپر جا رہا ہوتا ہے ۔

ہمارے مولا حضرت ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام کی زیارت کے  بزرگ ترین آثار میں سے  ایک یہ ہے کہ بنت پیغمبر خدا صلى الله عليه وآله وسلم حضرت فاطمۂ زہرا سلام اللہ علیہا  ، امام حسین علیہ السلام کے زائرین کے پاس حاضر ہو کر  ان کے لئے استغفار  کرتی ہیں  ۔

ہماری آقا زادی حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کا مولا ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام کے زائرین  کے پاس حاضر ہو کر ان کے لئے استغفار کرنا  امام حسین علیہ السلام کی زیارت کی برکات میں سب سے عظیم برکت ہے ۔  زائرین حسین علیہ السلام کے پاس بی بی دو عالم حضرت فاطمہ علیہا السلام کے حاضر  ہونے پر داؤد بن کثیر کی امام صادق علیہ السلام سے روایت دلالت کرتی ہے  کہ آپ نے فرمایا :

إنّ فاطمة عليها السلام بنت محمّد صلى الله عليه وآله وسلم تحضر زوّار قبر ابنها الحسين ‏عليه السلام فتستغفر لهم . [2]

بیشک فاطمہ علیہا السلام بنت محمد صلى الله عليه وآله وسلم اپنے فرزند حسین علیہ السلام کی قبر کے زوّار کے پاس حاضر ہوتی ہیں اور ان کے لئے مغفرت طلب کرتی ہیں ۔

زائرین کے پاس خاتون جنت حضرت فاطمہ علیہا السلام کے حاضر  ہونے کے امر کو بہت ہی نادر اور کمیاب افراد  محسوس  کرتے ہیں کہ جن کا وجود کبریت احمر ہو ۔  حضرت فاطمہ علیہما السلام کے علاوہ تمام معصومین علیہم السلام بھی امام حسین علیہ السلام کے زائرین کے پاس حاضر ہوتے ہیں ، جیسا کہ زوّار امام  حسین علیہ السلام کے پاس رسول خدا صلى الله عليه وآله وسلم کے حاضر ہونے کے بارے میں روایت وارد ہوئی ہے ۔

اس اہم مسئلہ کی طرف توجہ کرنا ہمارے مولا حضرت ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام کی زیارت کے  اہم ترین آداب میں سے ہے  کیونکہ اس نکتہ پر توجہ کرنے سے زائر کی حالت ہی بدل جاتی ہے اور وہ اس زیارت میں حال حضور کو محسوس کرتاہے ۔



[1]   ۔  التتمة في تواريخ الأئمّة عليهم السلام: 152، ثواب الأعمال: 96.

[2]  ۔ بحارالأنوار: 101 / ۵۵ ح14، مستدرك الوسائل: ۱۰ /242 ح21، اور اس میں فتستغفر لهم (ذنوبهم) ذکر ہوا ہے یعنی حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا زائرین کے گناہوں کی مغفرت طلب کرتی ہیں ۔

 

    Visit : 1972
    Today’s viewers : 154861
    Yesterday’s viewers : 226086
    Total viewers : 147426175
    Total viewers : 101071371