حضرت امام صادق علیہ السلام نے فرمایا : اگر میں ان(امام زمانہ علیہ السلام) کے زمانے کو درک کر لیتا تو اپنی حیات کے تمام ایّام ان کی خدمت میں بسر کرتا۔
۳ ۔ عاشورا کے دن امام حسین علیہ السلام کی زیارت

(۳)

عاشورا کے دن امام حسین علیہ السلام کی زیارت

مرحوم کفعمی کتاب ’’بلد الأمین‘‘ میں کہتے ہیں : عاشورا کے دن سب سے افضل عمل دور یا نزدیک سے زیارت عاشورا پڑھنا ہے ۔ امام باقر علیہ السلام سے منقول ہے کہ آپ نے فرمایا :

جو شخص عاشورا کے دن زیارت کرنا چاہئے لیکن وہ دور ہو تو اسے چاہئے کہ وہ صحرا میں یا چھت پر چلا جائے  اور امام حسین علیہ السلام کی قبر مطہر کی طرف اشارہ کرکے سلام کرے اور آپ کے قاتلوں پر بہت زیادہ نفرین کرے ، اس کے بعد دو رکعت نماز ادا کرے اور یہ سب کام زوال آفتاب سے پہلے انجام دے ،اور پھر امام حسین علیہ السلام کے مصائب پر گریہ و بکاء کرے اور  اگر تقیہ کا زمانہ نہ ہو تو اپنے گھر والوں کو بھی اس کا حکم دے اور گھر میں عزاداری برپا کرے اور رنج و غم کا اظہار کرے اور  ایک دوسرے کو امام حسین علیہ السلام کے مصائب پر تعزیت پیش کرے  اور کہے ۔

 أَعْظَمَ اللهُ أُجُورَنَا بِمُصَابِنَا بِالْحُسَيْنِ ‏عليه السلام، وَجَعَلَنَا وَإِيَّاكُمْ مِنَ‏ الطَّالِبِينَ بِثَارِهِ مَعَ وَلِيِّهِ الْإِمَامِ الْمَهْدِيِّ مِنْ آلِ مُحَمَّدٍ عليهم السلام.

خدایا ! حسین علیہ السلام کے مصائب میں ہمارے اجر کو زیادہ قرار دے ، اور ہمیں اور آپ کو بھی ان لوگوں میں قرار دے جو آل محمد علیہم السلام میں سے ان کے ولی امام مہدی کے ساتھ خون ناحق کا بدلہ لینے والے ہیں ۔

جب مذکورہ دو رکعت نماز بجا لاؤ تو سو مرتبہ «الله اکبر» کہو ، اور پھر امام حسین علیہ السلام (کے حرم) کی طرف اشارہ کرو اور کہو:……۔

کتاب مزار شہید میں ذکر ہوا ہے : عاشورا کے دن زوال آفتاب سے پہلے دور یا نزدیک سے امام حسین علیہ السلام کی زیارت : جب تم زیارت کا ارادہ   کرو تو امام حسین علیہ السلام (کے حرم)کی طرف اشارہ کرو اور سلام کہو ، اور آپ کے قاتلوں پر زیادہ سے زیادہ نفرین کرنے کی کوشش کرو ، اور جب اشارہ کرو تو کہو :…… ۔

صاحب مفتاح الجنات کہتے ہیں : دور یا نزدیک سے زیارت کرنے کا یہ طریقہ ہے کہ اگر دور ہو تو سلام کرتے ہوئے  امام حسین علیہ السلام (کے حرم) کی طرف  اشارہ کرو  ، اور ظاہری طور پر سلام کرتے ہوئے آپ کی طرف اشارہ کرنے سے یہ مراد ہے کہ حضرت  کے حرم مطہر  کی طرف توجہ کرو ، اور پھر دو رکعت نماز زیارت بجا لاؤ ، کیونکہ روایت ہو اہے کہ اگر تم راہِ دور سے زیارت کرو  تو زیارت کی نماز زیارت سے پہلے انجام دو اور اگر نزدیک سے زیارت کرو  ہو تو زیارت کے بعد نماز زیارت بجا لاؤ ۔ اور یہ کہ گھر کی چھت یا صحرا میں دور سے امام حسین علیہ السلام کی زیارت کرنے  کے لئے آپ کی زیارت سے پہلے امیر المؤمنین علی علیہ السلام کی زیارت کریں ، چاہے دور ہوں یا نزدیک ؛  کیونکہ شیخ طوسی رحمہ اللہ  نے کتاب ’’مصباح‘‘ میں زیارت عاشورا کو  محمد بن خلف طیالسی سے اور انہوں نے  سیف بن عمیرہ سے روایت کیا ہے  ، اور  وہ کہتے ہیں : امام صادق علیہ السلام کے غری (نجف) کے لئے روانہ ہو جانے کے  بعد میں صفوان بن مہران جمال اورر اصحاب کی ایک جماعت غری (نجف) کی طرف روانہ ہوئے  ، اور  جب  ہم امیر المؤمنین علی علیہ السلام کی زیارت سے فارغ ہوئے تو صفوان نے اپنا رخ سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے حرم کی طرف کیا  اور کہا :اس مقام یعنی  امیر المؤمنین علی علیہ السلام کے بالائے سر کے مقام سے امام حسین علیہ السلام کی زیارت کرو  ، کیونکہ میں حضرت امام صادق علیہ السلام کے ساتھ تھا  اور آپ نے اسی طریقہ سے زیارت کی تھی ۔

پھر صفوان نے وہی زیارت پڑھی جو علقمہ بن محمد حضرمی نے امام باقر علیہ السلام سے روز عاشورا نقل کی ہے ۔ اس کے بعد امیر المؤمنین علی علیہ السلام کے بالائے سر کے مقام پر دو رکعت نماز ادا کی اور پھر امیر المؤمنین علی علیہ السلام کو وداع کیا  ، اور پھر امام حسین علیہ السلام کی قبر مطہر کی طرف اشارہ کیا  اور سلام و زیارت کے بعد حضرت کو بھی وداع کیا ۔

پس جب تم زیارت عاشورا کے ذریعہ زیارت کرنے کا ارادہ کرو تو دو رکعت نماز بجا لاؤ ، اگر تم دور سے زیارت کرو تو بہتر ہے کہ اس دو رکعت نماز  کے بعد پہلے امیر المؤمنین حضرت امام علی علیہ السلام کی زیارت کرو اور پھر  امام حسین علیہ السلام کی زیارت کرو ، اور بالخصوص اگر تم امیر المؤمنین علی علیہ السلام کے حرم میں ہو  تو اسی طریقہ کے مطابق زیارت کرو  ، یعنی پہلے امیر المؤمنین علی علیہ السلام کی اسی زیارت کے ذریعہ زیارت کرو ،جسے ہم نے پہلے ذکر کیاہے ، یا پھر پہلے ذکر ہونے والی زیارت امین اللہ کے ذریعہ امیر المؤمنین علی علیہ السلام کی زیارت کر و۔  اور اگر  تم نزدیک سے زیارت کر رہے ہو  تو ان دونوں زیارات میں سے کوئی ایک زیارت پڑھو  اور اس میں وہ دو رکعت نماز بجا نہ لاؤ ۔ اور جب امیر المؤمنین علی بن ابیطالب علیہما السلام کی زیارت سے فارغ ہو جاؤ  تو سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی قبر مطہر کی طرف رخ کرنے کے بعد حضرت کی زیارت کرو ۔ اور اگر تم دور سے زیارت کر رہے ہو اور اگر تم امیر المؤمنین علی علیہ السلام کے حرم میں ہو تو حضرت کے بالائے سر کے مقام پر امام حسین علیہ السلام کی زیارت کرو  ، اور اگر تم کربلا میں ہو تو امام حسین علیہ السلام کی قبر مطہر کی طرف رخ کرکے مذکورہ دو زیارات میں سے کسی ایک زیارت کے ذریعہ آپ کے پدر گرامی کی زیارت کرو اور اس کے بعد امام حسین علیہ السلام کی زیارت کرو ۔

مرحوم کفعمی رحمہ اللہ کتاب ’’مصباح‘‘ میں فرماتے ہیں : جب مذکورہ دو رکعت نماز بجا لاؤ  تو سو مرتبہ ’’اللہ اکبر ‘‘ کہو  اور امام علیہ السلام کی قبر مطہر کی طرف اشارہ  کرو اور کہو: [1]

علقمہ بن محمد حضرمی کہتے ہیں : میں نے حضرت امام باقر علیہ السلام سے عرض کیا : مجھے کوئی ایسی دعا تعلیم فرمائیں ، جسے میں اس دن پڑھوں جب میں امام حسین علیہ السلام کی نزدیک سے زیارت کروں ، اور کوئی ایسی دعا تعلیم فرمائیں کہ جب میں حضرت کے نزدیک نہ  ہوں ، بلکہ دور  یا گھر سے زیارت کرنا چاہوں تو وہ دعا پڑھوں ۔

امام باقر علیہ السلام نے فرمایا : اے علقمہ ! جب تم امام حسین علیہ السلام کی قبر مطہر کی طرف اشارہ کر کے سلام کرنے کے بعد دو رکعت نماز بجا لاؤ اور اس کے بعد اگر یہ دعا اور زیارت (جس کی شرح تمہارے لئے بیان کروں گا ) پڑھو تو گویا تم نے اسی طرح دعا کی ،جس طرح امام حسین علیہ السلام کی زیارت کرنے والے فرشتے دعا کرتے ہیں  ، اور اس کی وجہ سے خداوند متعال تمہارے لئے ہزار ہزار نیکیاں لکھے گا ، اور ہزار ہزار گناہ مٹا دے گا ، اورتمہارے سو ہزار ہزار درجات بلند کرے گا ،  اور تم حسین بن علی علیہما السلام کے ساتھ شہید ہونے والوں کی طرح ہو گے ، اور تمہیں ان کے درجات میں قرار دے گا  اور تمہیں حضرت کے ساتھ شہید ہونے والوں کے زمرہ میں پہچانا جائے گا ، اور تمہارے لئے ہر پیغمبر اور  رسول کا ثواب لکھا جائے گا ، اور امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے وقت سے آپ کی زیارت کرنے والے ہر زائر کا ثواب لکھے گا ۔ [2] 

 


[1] ۔ مصباح المتهجّد: 777، مصباح الزائر: 272، كامل الزيارات:  332 ، کچھ فرق کے ساتھ.

[2] ۔كامل الزيارات: 327 ح9 .

    ملاحظہ کریں : 690
    آج کے وزٹر : 56737
    کل کے وزٹر : 132510
    تمام وزٹر کی تعداد : 138469118
    تمام وزٹر کی تعداد : 95091567