امام صادق علیه السلام : اگر من زمان او (حضرت مهدی علیه السلام ) را درک کنم ، در تمام زندگی و حیاتم به او خدمت می کنم.
حضرت امام حسین علیہ السلام کے سر اقدس کے دفن ہونے کا مقام

حضرت امام حسین علیہ السلام

کے سر اقدس کے دفن ہونے کا مقام

 امام حسین علیہ السلام کے سر مبارک کی زیارگاہ میں اختلاف ہے :

۱ ـ مشہور ترین قول یہ ہے کہ امام حسین علیہ السلام کا سر مبارک اسیران اہل حرم کے ساتھ مدینہ واپس بھیج دیا گیا ، اور پھر وہاں سے کربلا بھیجا اور آپ  کے بدن مطہر کے ساتھ دفن کر دیا گیا  ۔

۲ ـ آپ کا سر اقدس آپ کی والدہ ماجدہ حضرت فاطمۂ علیہا السلام کی قبر کے ساتھ دفن کیا گیا ۔

۳ ـ آپ کا سر مبارک بقیع میں آپ  کی جدۂ ماجدہ حضرت فاطمہ بنت اسد علیہا السلام کی قبر کے ساتھ دفن کیا گیا ۔

۴ ـ امام حسین علیہ السلام کا سر مبارک یزید کے خزانے میں ملا اور اسے کفن دے کر دمش میں باب فرادیس کے ساتھ دفن کر دیا گیا ۔

۵ ـ آپ کا سر دمشق کے دار الامارہ میں دفن کیا گیا ۔

۶ ـ آپ کا سر مسجد رقّہ میں دفن ہے ۔ جب امام حسین علیہ السلام کا سر مبارک یزید بن معاویہ لعنۃ اللہ کے سامنے پیش کیا گیا  تو اس نے کہا : میں اسے عثمان کے سر کے بدلے آل ابی معیط کی طرف بھیجوں گا ، اور وہ اس وقت رقه میں تھے ، لہذا یزید لعنۃ اللہ  نے آپ کا سر اقدس ان کی طرف بھیجا اور انہوں نے آپ کا سر مبارک اپنے کسی گھر  میں دفن کیا اور پھر وہ گھر مسجد جامع سے ملحق ہو گیا۔

۷ ـ فاطمی خلفاء نے اسے باب فرادیس سے عسقلان منتقل  کیا  اور پھر اسے مصر کے شہر قاہرہ کی طرف منتقل کر دیاگیا  ، اور اب بھی وہ سر وہیں دفن ہے جس کے لئے عظیم الشأن حرم اور زیارتگاہ بھی موجود ہے اور لوگ وہاں زیارت کرنے کے لئے آتے ہیں ۔

۸ ـ کلینی رحمہ اللہ نے حضرت امام صادق علیہ السلام سے روایت کیا ہے کہ امام حسین علیہ السلام کا سر  اقدس امیر المؤمنین علیہ السلام کے ساتھ نجف میں دفن ہے ۔

۹ ـ آپ کا سر اقدس امیر المؤمین علی علیہ السلام کے ساتھ قبر میں نہیں بلکہ کوفہ میں دفن ہے ۔ 

۱۰ ـ آپ کا سر کوفہ میں مسجد حنأنہ میں دفن کیا گیا ہے ۔

۱۱ ـ جب عمر بن عبد العزیز نے یزید کے خزانے کی تلاشی لی تو اسے ایک صندوق میں امام حسین علیہ السلام کا سر مبارک بھی ملا ، لہذا اس نے آپ کا سر مدینہ کی طرف بھیج دیا ، جسے مسجد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم میں آپ کے جد رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی قبر کے ساتھ دفن کر دیا گیا ۔

۱۲ ـ امام حسین علیہ السلام کا سر مبارک جسد مطہر ، اور جسد مطہر آپ کے سر مبارک کے ساتھ ملحق ہو گیا ۔ حضرت امام زین العابدین علیہ السلام طی الأرض کرتے ہوئےتین دن کے بعد آپ کا سر مبارک لے کر گئے اور اسے امام حسین علیہ السلام کے جسد مطہر کے ساتھ ملحق کر دیا ۔ یعنی امام حسین علیہ السلام کے مبارک سر آپ کے بدن مطہر کے ساتھ ہی دفن کیا گیا ۔

علم الہدیٰ کہتے ہیں : امام حسین علیہ السلام کا سر مبارک شام سے واپس کربلا بھیج دیا گیا اور آپ  کے جسد مطہر کے ساتھ ہی دفن کر دیا گیا ۔

شیخ طوسی کہتے ہیں : جب اہلبیت حسین علیہم السلام واپس کربلا پہنچے تو آپ نے امام حسین علیہ السلام کا سر مبارک اربعین کے دن کربلا میں ہی دفن کیا ۔

مؤلف کہتے ہیں : امام حسین علیہ السلام کا سر مبارک یا جسد مطہر جہاں کہیں بھی ہو لیکن وہ آپ  کے چاہنے والوں کے دلوں ، سینوں ، یادوں اور ضمیر میں موجود ہے ۔ جیسا کہ ہمارے زمانے کے امام حضرت حجت  بن الحسن العکسری عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف اپنی زیارت میں اسی معنی کی طرف اشارہ فرماتے ہیں :

’’السَّلاَمُ عَلَيكَ يَا مَنْ في قُلُوبِ مَنْ وَالاَهُ قَبرهُ‘‘ [1]

سلام ہو اس پر جس کی قبر ان کے محبّوں اور چاہنے والوں کے دلوں میں ہے ۔

 


[1] ۔  جنّات ثمانية: 527.

    بازدید : 668
    بازديد امروز : 37283
    بازديد ديروز : 57650
    بازديد کل : 130336026
    بازديد کل : 90385750